لڑکی کی تصویر ‘لائیک’ کرنے پر بیوی ناراض

کویت میں ایک شخص نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک لڑکی کی تصویر کو لائیک کیا جس پر اس کی بیوی نے طلاق لے لی۔

تفصیلات کے مطابق کویتی خاتون نے محض شادی اس لیے ختم کر دی کہ اس کے شوہر نے سوشل میڈیا پر لڑکی کی تصویر کو ’لائیک‘ کیا۔ بیوی نے شوہر سے علاحدگی کے لیے قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے وکیل سے عدالت میں خلع کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کرنے کا کہا جس میں خلع کی وجہ سن کر وکیل بھی ہکا بکا رہ گیا۔

عدنان العبل نامی وکیل نے بتایا کہ جب خاتون سے خلع لینے کی وجہ پوچھی گئی تو اس نے کہا کہ میرے شوہر نے سوشل میڈیا پر لڑکی کی تصویر’لائیک‘ کی ہے، تشفی نہ ہونے پر اصل پسِ پردہ حقیقت جاننے کے لیے وکیل نے سوال دہرایا تو خاتون نے پھر سے کہا کہ میرا شوہر سوشل میڈیا پر غیر لڑکیوں کی تصاویر لائیک کررہا ہے۔ ابھی تو صرف تصاویر لائیک کرنے کی حد تک ہے نجانے مستقبل میں اور کیا کیا ہو گا۔

واضح رہے کہ کویت طلاق کی شرح کے حساب سے دوسرا بڑا عرب ملک ہے۔ یہاں چھوٹی چھوٹی باتوں پر طلاقیں لینے کے واقعات تواتر سے ہو رہے ہیں۔ طلاق کا حالیہ واقعہ کویت کے شہریوں کی ذہنیت اور عدم برداشت کا کھلا ثبوت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں