ریڈیو وائس آف کشمیر مشکلات کا شکار

ریڈیو وائس آف کشمیر مشکلات کا شکار
راولاکوٹ ۔۔ریڈیو وائس آف کشمیر راولاکوٹ کے سٹاف کی پندرہ روزہ میٹنگ کا انعقاد، میٹنگ میں دفتری امور سمیت دیگر اہم معاملات زیر بحث لائے گئے اور درپیش مسائل کو دستیاب وسائل میں حل کرنے اور وسائل میں اضافے کے لحاظ سے بھی مختلف پہلوئوں کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ کی پالیسی تیار کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز یہاں ریڈیو وائس آف کشمیر پندرہ روزہ میٹنگ زیر صدارت اسٹیشن منیجر سردار قمر اشفاق منعقد کی گئی جس میں ریڈیو وائس آف کشمیر کی ٹیم جن میں انچارج کرنٹ افیئررز محمد شہزاد، پروگرام منیجر خرم ذوالفقار، ساجد محمود اور محمد عمر خیام نے شرکت کی۔ اس میٹنگ میں سٹاف نے درپیش مسائل کے حوالے سے اسٹیشن منیجر کو آگاہ کرتے ہوئے اپنی آراء و تجاویز پیش کیں، اسٹیشن منیجر سردار قمر اشفاق نے سٹاف کو درپیش مسائل کے حوالے سے ان کے حل اور تجاویز پر مکمل طور پر عمل پیرا ہونے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہمیں جن مشکلات کا سامنا ہے ان کے حوالے سے دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے آئندہ مثبت پالیسی ترتیب دیں گے اور اس پر سو فیصد عمل پیرا ہونے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاف کو جن مشکلات کا سامنا ہے ان سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لئے دن رات کوشاں ہیں، اس حوالے سے اعلیٰ حکام سے بھی بات کی گئی اور مزید ان سے رابطے میں ہیں اور مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے اعلیٰ حکام سے رابطے کے بعد جلد مثبت پالیسی ترتیب دے کر تمام مسائل کے حل کے لئے اہم کردار ادا کریں گے ۔ اس موقع پر انچارج کرنٹ افیئرز محمد شہزاد نے اپنی تجاویز سامنے رکھتے ہوئے دیگر سٹاف کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مختلف مسائل کی زد میں سٹاف جس محنت و لگن سے کام کر رہا ہے وہ یقینا قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات حاضرہ کے جتنے بھی پروگرامات ہم نے کیئے ان میں ہمیشہ لوگوں کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بھرپور کردار ادا کیا اور آئندہ بھی اسی طرح اپنا کام مزید بہتر طریقے سے کرتے رہیں گے۔ سٹاف ممبران نے مختلف مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹیشن منیجر سردار قمر اشفاق کو ان کے حل کے لئے اپنی تجاویز سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ ریڈیو وائس آف کشمیر آج جس کامیابی کے ساتھ بارہ سال کی طویل جدوجہد کے بعد ایک مقام پر پہنچ چکا ہے اس کو مزید بہتری کے لئے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں