قومی بجلی پالیسی تشکیل دیں گے

توانائی ڈویژن کے وزیر اویس لغاری نے کہا ہے کہ تکنیکی ونگ کے اضافے کے ساتھ توانائی کی وزارت کی تشکیل نو کی جارہی ہے جس کامقصد بجلی کے شعبے کے تکنیکی امور سےنمٹنا ہے۔وہ بدھ کو اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام پائیدار ترقی سے متعلق تین روزہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بجلی سے متعلق قومی پالیسی بھی تشکیل دی جارہی ہے اورمشترکہ مفادات کونسل سے منظوری کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ توانائی کے صارفین کے فائدے کے لئے تقسیم اور ترسیلی شعبوں میں حوصلہ افزائی اور مسابقت کی اجازت کے لئے قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں قانون میں ترمیم پیش کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم ایسے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں صارفین کو تقسیم کی خدمات کی سہولت دستیاب ہوگی۔انہوں نے کہاکہ گردشی قرضوں میں کمی کے لئے تقسیم کار کمپنیوں میں اصلاح کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ روزانہ کی بنیاد پر بجلی کی طلب اور اس کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے بجلی کا قومی منصوبہ وضع کیا جارہا ہے۔

اویس لغاری نے ملک میں مختلف تقسیم کار کمپنیوں کی بجلی کی فراہمی میں شفافیت لانے اور عوام کے لئے آسانی پیدا کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملک سے مہنگی بجلی کی پیداوار کے خاتمے پر کام کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں