آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں عوامی حقوق پر ڈاکہ، فرنٹ سخت گیر مہم چلائے گی

راولپنڈی….جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں موجود سپریم کونسل کے ممبران کا اجلاس گذشتہ روز سنٹرل انفارمیشن آفس ، چاندنی چوک ، راولپنڈی میں پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اور مقبول بٹ شہید کے ہمراہی جناب عبدالحمید بٹ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے دیگر مرکزی ذمہ داران اور سینئر قیادت بالخصوص وائس چیئرمین خواجہ سیف الدین ، وائس چیئرمین سلیم ہارون ، چیف آرگنائزر راجہ حق نواز خان ، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ساجد صدیقی اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی کے علاوہ ممبران ِ سپریم کونسل خواجہ پرویز اقبال ، منظور احمد خان ، سردار محمد انور(لاہور)اور مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے شرکت کی ۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر چوہدری تنویر احمد بھی خصوصی دعوت پر اجلاس میں شریک رہے ۔
تفصیلات بیان کرتے ہوئے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار کے مطابق اجلاس دن دو بجے تا شام سات بجے تک جاری رہا جس میں ریاست جموں کشمیر میں جاری تحریک ِ آزادیٔ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور پارٹی کا لائحہ عمل ، یوم ِ مقبول ویوم ِ امان اللہ خان کے علاوہ پارٹی کے کچھ انتظامی امور زیر ِ بحث آئے۔ترجمان کے مطابق سیر حاصل گفتگو کے نتیجے میں کچھ اہم فیصلے بھی لئے گئے۔جناب عبدالحمید بٹ نے شرکائے اجلاس کی طرف سے لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر چوہدری تنویر احمد کو اجلاس میں شرکت کرنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے اُنہیں اور اُن کے دیگر رفقاء کو یورپ میں پارٹی پلیٹ فارم پر فعال کردار ادا کرنے پرسراہا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پوری ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی کی عوامی پکار اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری ریاستی دہشت گردی سے ا قوام عالم کو آگاہ رکھیں گے۔
اجلاس میں 11فروری ‘یوم مقبول’ اور 26 اپریل ‘یوم امان اللہ خان ‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ لیا گیا جب کہ اِن دونوں دنوں کی مناسبت سے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر میں مقیم کشمیری بالخصوص کراچی اور لاہور میں تقریبات ایک ہفتے تک جاری رکھی جائیں گی۔ ان تقریبات کے دوران جلسے جلوس، ریلیاں، تعزیتی و دعائیہ مجالس اور سیمینارز میں قوم کے دونوں سپوتوں کی زندگیوں ، اُن کی جدوجہد اور قربانیوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔ دریں اثناء بعد ازاں اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اجتماعی طور لبریشن فرنٹ کے عظیم رہنما شہید ِحریت شیخ عبدالحمید کے والد محترم اور مقبوضہ کشمیر کے نامور سماجی کارکن شیخ عبدالکبیر اور دھیرکوٹ کے سینئر لیڈر راجہ اقصد کی وفات اور تحریک ِ آزادی کے لئے گرانقدر خدمات پیش کرنے پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ساتھ ہی اُن کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی جس میں پارٹی کے دیگر رہنماوں زونل نائب صدر خورشید احمد مرزا ، زونل نائب صدر محمد افضل بیگ ، سابق زونل جنرل سیکریٹری سلیم بٹ ، سینئر رہنما سردار انور (دبئی) اور محمد اشرف کے علاوہ دیگر کارکنان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں سینئر وائس چیئرمین جناب عبدالحمید بٹ کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے مندرجہ ذیل قراردادیں منظور کی گئیں:۔
١۔ شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے نہتے اور آزادی پسند عوام کے خلاف جاری قتل و غارتگری اور ظلم و تشدد ، عورتوں اور نوجوانو ں کی گرفتا ریوں اور قائد ِ انقلاب چیئرمین لبریشن فرنٹ جناب محمد یاسین ملک سمیت دیگر حریت پسند قیادت کو آئے روز جیلوں اور انہیں اپنے گھروں میں نظر بند رکھنے کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے بر وقت مداخلت کی اپیل کی۔
٢۔ اجلاس میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی و خودمختاری مسئلہ کشمیر کا واحد مستقل، جمہوری اور انصاف پر مبنی حل ہے اور یہ کہ ریاست جموں کشمیر ایک نا قابل تقسیم وحدت ہے جس کی بحالی پر کسی بھی قسم کا کمپرومائز قبول نہیں کیا جائے گا۔
٣۔ شرکائے اجلاس نے باز نہ آنے پر آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت گیر مہم چلانے پر اتفاق کیا گیاجس کا لائحہ عمل اگلے اجلاسوں میں طے کیا جائے گا ۔
٤۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے طے پایا کہ بھارت مذاکرات کے نام پر ایک بار پھر کشمیر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہا ہے اور یہ کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حل طلب مسئلہ ہے جو مسئلہ کے بنیادی فریق یعنی کشمیری نمائندوں کے بغیر صرف ہند و پاک کے درمیان دو طرفہ مذاکرات سے حل نہیں ہوسکتا۔
٥ ۔ شرکاء نے قائد ِ انقلاب جناب محمد یاسین ملک کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں موجودپارٹی کے دیگر قائدین کو سلام پیش کرتے ہیں جو نہ صرف بھارتی جبر و استبداد کا مردانہ وار مقابلہ کر رہے ہیںبلکہ جماعت اور اسکے نظریات کی حفاظت کئے ہوئے ہیں۔
٦۔ شرکائے اجلاس نے لبریشن فرنٹ برطانیہ ، یورپ اور گلف زونز میں موجود پارٹی قیادت کو سفارتی سطح پر فعال کردار ادا کرنے پر سراہا ۔
٧۔ اجلاس میں شیخ عبدلکبیر اور راجہ اقصد کی پارٹی و تحریک آزادی کے لئے دی جانے والی قربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں