نواز شریف سے جج ارشد ملک کی ملاقات کرانے میں کون کون ملوث، تحقیقات شروع

لاہور: جج ارشد ملک کا بیان حلفی سامنے آنے کے بعد مختلف اہم اداروں نے اس پر کام شروع کر دیا کہ اس میں کتنی حقیقت ہے او رجن ملاقاتوں کاذکر کیا گیا اس سے دو سول خفیہ ادارے لا علم کیوں رہے ،مزید کون کون اس میں ملوث ہیں۔

ایک قومی اخبار 92 نے با وثوق ذرائع سے خبر شائع کی ہے کہ جج ارشد ملک کے ساتھ سعودی عرب میں ملاقات کیلئے حسین نواز سے ایک روز قبل نا صر بٹ پہنچا۔ نواز شریف کے ذاتی سٹاف اورحسین نواز کے وہاں کمپنی مینیجر کی ڈیوٹی لگائی گئی کہ وہ اس معاملہ میں ناصر بٹ کی ہدایت پر عمل کریں گے ۔مدینہ منورہ کے اوبرائے ہوٹل میں اس حوالے سے دو ملاقاتیں ہوئیں جن میں اسلام آ باد سے تعلق رکھنے والا ایک سنیئر وکیل بھی موجود تھا ۔

یہ ملاقاتیں حسین نواز ،ناصر بٹ اور وکیل کے درمیان تھیں، ملاقاتوں کے بعد ایک مرتبہ ہوٹل اور ایک مرتبہ رہائشگاہ پر جج ارشد ملک کی حسین نواز سے ملاقات کرائی گئی ۔

لاہور میں چھ اپریل بروز ہفتہ تقریباََ دو سے ڈھائی بجے کے درمیان سیاہ شیشوں والی گاڑی میں جج ارشد ملک آ ئے ، ان کے ساتھ ناصر بٹ سمیت دو اور افراد تھے ، گاڑی کو جاتی عمرہ میں کسی جگہ چیک نہ کیا گیا اور سیدھا اندر جانے دیا گیا،ایک پولیس افسربھی واپسی پر اس گاڑی کے ساتھ اپنی گاڑی لیکر باہر نکلے ۔اس حوالے سے بھی کام شروع ہو گیا کہ ویڈیو کے جتنے کردار ہیں اور جتنے نام سامنے آ ئے ، ان سب کے بینک اکاؤنٹس،ملکی و غیر ملکی اثاثے ،ان کے ملازمین اور قریبی رشتہ داروں کے اثاثے اور اکاونٹس کو بھی چیک کیا جا رہا ہے تا کہ کسی پوشیدہ ٹرانزیکشن کا پتہ چلایا جاسکے ۔

نا صر جنجوعہ،مہر جیلانی ،خرم اور ناصر بٹ نہ صرف پارٹنر ہیں بلکہ ن لیگ کے دو ر حکومت میں انہیں بہت سے مالی فوائد کے ساتھ سرکاری پروٹوکول دیا جاتا تھا۔چاروں کے حوالے سے نوازشریف اور مریم نوازخصوصی ہدایات جاری کرتیں۔چاروں اکثر پنجاب ہاؤس میں اہم میٹنگز کرتے تھے ۔

نا صر جنجوعہ کے ذمے نوازشریف کے کیس، سیاسی کارکنوں کا کھانا اور بڑی میٹنگز کے اخراجات بھی ہوتے تھے ۔ انہی چار افراد کے ذریعے بہت سی منی لانڈرنگ بھی پاکستان سے کی گئی اور ان کی کئی بے نامی جائیدادیں بھی ریکارڈ پر آچکی ہیں۔ لندن اور دبئی میں بھی ان کی جائیدادوں کے حوالے سے یہ بات سامنے آ ئی کہ ان میں بہت سی رقم حسین نواز کی ہے لیکن فرنٹ پر ان لوگوں کو رکھا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں