خیبر پختونخوا کے سپیکر مشتاق غنی تمام سپیکرزمیں سب سے امیر نکلے

اسلام آباد(عابدعلی آرائیں )خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی کی طرح سپیکر مشتاق غنی بھی تمام صوبائی سپیکرزمیں سب سے امیر نکلے ، سپیکر پنجاب اسمبلی دوسرے ، سپیکر سندھ اسمبلی تیسرے جبکہ بلوچستان کے سپیکرعبدالقدوس بزنجوسب سے غریب ہیں۔

صوبائی اسمبلیوں میں سب سے امیر قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف ہیں جبکہ سب سے غریب قائد حزب اختلاف خیبر پختونخوا اسمبلی اکرم خان درانی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی 18 کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری تقریبا16کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں،

سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغاسراج درانی کے اثاثوں کی مالیت 7 کروڑ 96 لاکھ روپے ہے جبکہ ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری ایک کروڑ 5لاکھ روپے سے زائد اثاثہ جات کی مالک ہیں ۔

خیبر پختونخوااسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی 20 کروڑ، ڈپٹی سپیکر محمد جان 11 کروڑ 44 لاکھ سے زائد کے مالک ہیں۔

سپیکر بلوچستان عبدالقدوس بزنجو 20 لاکھ سے زائد اثاثوں ۔ڈپٹی سپیکر بلوچستان سردار بابر موسی خیل 3کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں ۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز 41 کروڑ 97 لاکھ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیںتاہم انہوں نے اپنی اہلیہ رابعہ اکرم کے اثاثوں کی مالیت ظاہر نہیں کی، اس ضمن میں حمزہ شہباز نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے کہ ان کی اہلیہ بیرون ملک رہتی ہیں ان کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کر رہا ہوں۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کے اثاثوں کی مالیت 16 کروڑ 84لاکھ روپے سے زائد ہے لیکن وہ 12 کروڑ سے زائد کے مقروض بھی ہیں ۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی ایک کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں،

بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایک کروڑ35لاکھ سے زائد کے اثاثے رکھتے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں