ایان علی اشتہاری قرار، وارنٹ جاری

راولپنڈی: عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے ایان علی کی عدم حاضری پر ملزمہ کو اشتہاری قرار دیا۔

کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کی۔ عدالت نے ماڈل کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہیں۔

عدالت نے وکلا اور پراسیکیوٹر سے ملزمہ کے کیس کی تمام تفصیلات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں۔ عدالت نے آج کی کارروائی میں استتفسار کیا کہ بتایا جائے کہ کیا ملزمہ کے گھر پر اشتہار لگایا گیا یا نہیں۔

ایان علی کے وکیل نے استفسار کیا کہ آئندہ کی تاریخ بتادیں، عدالت نے جواب دیا کہ آپ عدالتی حکم کا انتظار کریں۔

ی

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ماڈل ایان علی کو مسلسل عدالت طلب کیا جاتا رہا مگر وہ نہیں آئیں، ماڈل نے جو ایڈریس دیا وہ کراچی کی نجی سوسائٹی کا ہے۔

انسپکٹر کسٹم اسامہ منعم نے عدالت کو بتایا کہ میں جب کراچی گیا تو بتایا گیا کہ ماڈل بہت وقت سے یہاں آئی ہی نہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ سیشن جج کراچی کو خط لکھا جائے کہ مجسٹریٹ تعینات کیا جائے، تمام گواہ بلائے جائیں تاکہ شہادت قلمبند کی جائے۔

راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے اپنے حکمنامے میں لکھا کہ مجسٹریٹ ملزمہ کے فلیٹ کو فروخت کرنے سے روکنے کیلئے متعلقہ محکموں کو پابند کرے۔ عدالت نے ملزمہ کے اثاثہ جات ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

عدالت آئندہ سماعت پر تمام گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت16 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں